عثمان خان:پاکستان سے سعودی عرب کیلئے حج پروازوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق پہلے سات روز کے دوران 59 پروازوں کے ذریعے 15 ہزار 26 عازمینِ حج Medina پہنچ چکے ہیں، جبکہ آج مزید 8 پروازوں کے ذریعے تقریباً 2200 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچیں گے۔
حج انتظامات کے سلسلے میں مختلف شعبوں کے لیے 80 اہلکار، حج میڈیکل مشن کے 50 اور 134 دیگر سول ملازمین بطور خدام الحجاج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں تاکہ عازمین کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ترجمان کے مطابق مدینہ منورہ اور Makkah میں قائم مختلف مراکز 24 گھنٹے فعال ہیں، جن میں رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ، شکایات، گمشدگی و بازیابی اور کال سینٹر کی خدمات شامل ہیں۔
اب تک 4611 عازمین حج کو ریاض الجنہ کی زیارت بھی کروائی گئی ہے، جبکہ گمشدگی و بازیابی شعبے نے ایک حاجی، 14 ویل چیئرز اور 673 بیگز تلاش کر کے متعلقہ افراد تک پہنچائے۔
حج میڈیکل مشن نے بھی خدمات فراہم کرتے ہوئے 288 افراد کو او پی ڈی، 5 کو ڈینٹل اور 4 کو ای سی جی سہولت فراہم کی ہے۔
ترجمان کے مطابق مدینہ منورہ پہنچنے والے ابتدائی قافلے آج مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے جہاں حج کے اگلے مراحل کی تیاری جاری ہے۔