طاہر جمیل:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں 5 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے، جس سے مسافروں پر اضافی بوجھ پڑ گیا ہے۔
نئے کرایوں کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 60سے460روپے کا اضافہ کیا گیا،راولپنڈی کا کرایہ 110 روپے اضافے کے بعد 2340 روپے مقرر کر دیا،پشاور کا کرایہ 150 روپے اضافے کے بعد 3100 روپے مقرر کیا گیا،فیصل آباد ،سرگودھا کا کرایہ 60 روپے اضافے کے بعد 1260 روپےہو گیا،کراچی کا کرایہ 460 روپے اضافے کے بعد 9720 روپے تک پہنچ گیا۔
گڈز ٹرانسپورٹرز اور منی مزدا ایسوسی ایشن نے بھی کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی پڑنے کا خدشہ ہے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں کرایوں میں مزید اضافہ ان کیلئے مشکلات بڑھا رہا ہے، جبکہ ٹرانسپورٹرز کا مؤقف ہے کہ پیٹرول مہنگا ہونے کے باعث کرایے بڑھانا ناگزیر ہو گیا تھا۔