ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

موٹرویز پر کمرشل گاڑیوں کی پابندی، گڈز ٹرانسپورٹرز کا ردعمل سامنے آگیا

موٹرویز پر کمرشل گاڑیوں کی پابندی، گڈز ٹرانسپورٹرز کا ردعمل سامنے آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 سٹی 42: آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چوہدری کا موٹرویز پر کمرشل گاڑیوں کے داخلے پر پابندی کے فیصلے پر ردعمل سامنے آ گیا۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن محمد اویس چوہدری نے کہا ہے کہ موٹروے ایم ون اور ایم ٹو پر ہر قسم کی کمرشل گاڑیوں کا داخلہ بند کرنا مناسب فیصلہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کے باعث ٹرانسپورٹرز اسلام آباد، اپر پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے لیے گاڑیاں نہیں بھیج رہے، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، گجرات اور سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں 2 ہزار سے زائد گاڑیاں پکڑی جا چکی ہیں۔

محمد اویس چوہدری نے مطالبہ کیا کہ لوڈ گاڑیوں کو فوری طور پر ریلیز کیا جائے، خالی گاڑیوں کے لیے یومیہ 20 ہزار روپے معاوضے کا طریقہ کار بنایا جائے اور گاڑیوں کے معاوضے کے لیے اعلان کردہ 40 کروڑ روپے پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز خوف اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں، حکومت فوری طور پر ٹرانسپورٹرز کو اعتماد میں لے اور سپلائی چین کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے عملی اقدامات کرے، بصورت دیگر بروقت ریلیف نہ ملنے پر سپلائی چین مکمل طور پر رک سکتی ہے۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ عبدالعلیم خان، طلال چوہدری، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ حکام کو ٹرانسپورٹرز کے تحفظات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

محمد اویس چوہدری نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے تاحال تسلی بخش عملی اقدامات سامنے نہیں آئے، جس کے باعث ٹرانسپورٹرز میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔