ویب ڈیسک: ڈومیسٹک کرکٹرز کی میچ فیس اور ماہوار وظیفے کی رقم میں اضافہ کردیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ اعلان بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے بعد کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے بی او جی کا 70واں اجلاس آج کراچی میں ہوا۔اعلان کردہ نیا ڈومیسٹک کنٹریکٹ ستمبر 2022 سے اگست 2023 تک لاگو ہوگا۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے عہدہ سنبھالتے ہی پانچوں کٹیگریز میں شامل تمام ڈومیسٹک کرکٹرز کے ماہوار وظیفے کے رقم میں ایک ایک لاکھ روپے بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔
حالیہ اضافے کے بعد قائداعظم ٹرافی کھیلنے والے کھلاڑیوں کی میچ فیس 60 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کردی گئی ہے۔ اسی طرح پاکستان کپ اور نیشنل ٹی ٹونٹی کی میچ فیس کو بڑھا کر بالترتیب 40 ہزار اور 60 ہزار روپے مقرر کردیا گیا ہے۔
ڈومیسٹک ٹیموں میں شامل نان پلیئنگ ممبرز کی ریڈ بال کی میچ فیس 16 ہزار سے بڑھا کر 40 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے۔ اسی طرح وائیٹ بال کرکٹ کے میچز میں شریک ڈومیسٹک ٹیموں کے نان پلیئنگ ممبرز کی میچ فیس 4 ہزار روپے سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کردی گئی ہے۔
نان فرسٹ کلاس فور ڈے کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ کی میچ فیس 25 سے بڑھا کر 40 ہزار روپے کردی گئی ہے۔ وائیٹ بال کرکٹ ایسوسی ایشنز چیلنج اور کرکٹ ایسوی ایشنز ٹی ٹونٹی کی میچ فیس 15 سے بڑھا کر 25 روپے مقرر کردی گئی ہے۔ ریڈ اور وائیٹ بال کھیلنے والے نان پلیئنگ ممبرز کو اب بالترتیب 10 اور 15 ہزار روپے ملیں گے۔