ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کورونا کی دوسری لہر تیز، ایکسپو قرنطینہ سنٹر فعال کرنے کا فیصلہ

کورونا کی دوسری لہر تیز، ایکسپو قرنطینہ سنٹر فعال کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جیل روڈ (زاہد چودھری، سعود بٹ، راؤ دلشاد، عرفان ملک) کورونا کے جان لیوا حملے جاری، شہر میں کورونا وائرس سے مزید 3 لاہوریئے جاں بحق، 241 نئے کیسز رپورٹ، ضلعی انتظامیہ نے ایک ہزار بیڈز کا ہائی ڈیپینڈینسی یونٹ فوری فعال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

 

کورونا کی دوسری لہر میں شدت آگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں کورونا کے 49 نئے مریض اور 13 اموات کی تصدیق کی گئی ہے، جس کے بعد پنجاب بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 114508 ہوگئی، جن میں سے 56739 کیسز لاہور سے رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ صوبے میں کورونا سے اب تک 2861 اموات ہوچکی ہیں، جن میں سے 954 اموات لاہور میں ہوئیں۔ 

ترجمان پرائمری ہیلتھ کے مطابق صوبے میں کورونا سے متاثرہ 98019 مریض اب تک صحت یاب ہوچکے ہیں، لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں 99 مریض آئی سی یو اور 24وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں۔ کمشنر سوشل سکیورٹی تنویر اقبال تبسم بھی کورونا کا شکار ہوگئے، انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا، تنویر اقبال تبسم کے بیٹا اوربیٹی میں کوروناکی تشخیص ہو چکی ہے، ڈائریکٹر ایچ ایس ڈاکٹر صائمہ بھی کورونا کا شکار ہو چکی ہیں، سوشل سکیورٹی ہیڈ آفس میں کورونا پھیلاؤ سے عملے میں تشویش پائی جاتی ہے۔ٹریفک وارڈنز سمیت 6 پولیس اہلکار اور افسر بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے۔

  پولیس میں کورونا کی دوسری لہر سے متاثرہ افسروں اور اہلکاروں کا روزانہ کی بنیاد پر ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے، تین وارڈنز کورونا کا شکار ہو گئے لاہور پولیس کے اس وقت 6 اہلکار اور افسران کورونا کا شکار ہو چکے ہیں ۔لاہور پولیس کے 400 سے زائد اہلکار کورونا کی پہلی لہر کے دوران متاثر ہوچکے ہیں، تمام اہلکار اپنی مدد اپ کے تحت قرنطینہ میں چلے گئے تھے۔

دوسری جانب کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آنے پر ضلعی انتظامیہ نے ایک ہزار بیڈز کا ہائی ڈیپینڈینسی یونٹ فوری فعال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور مدثرریاض ملک نے ایکسپو سینٹر میں قائم ہائی ڈیپینڈینسی یونٹ کا دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ عدنان رشید اور سی سی او ہیلتھ اتھارٹی نے ڈی سی لاہور کو بریفنگ دی جبکہ انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک نے کہاکہ فیلڈ ہسپتال میں ایک ہزار مریضوں کیلئے بیڈز لگادیئے گئے، فیلڈ ہسپتال میں فوری طور پر 280 مریض کو آکسیجن لگائی جاسکے گی ضرورت پڑھنے پر ہائی ڈیپینڈینسی یونٹس فیلڈ ہسپتالوں کی تعداد بڑھائی جاسکتی ہے۔

ڈی سی لاہور  نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر میں روزانہ شدت آرہی ہے، شہر میں مائیکروسمارٹ لاک ڈاؤن اور سمارٹ لاک ڈاؤن بھی جاری ہے، شہریوں کو مکمل لاک ڈاؤن اور مارکیٹس بندش سے بچنے کیلئے  ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا ہوگا، ایس او پیز پر پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں لاک ڈاؤن لگ سکتا ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer