سٹی 42 : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی چمن پھاٹک بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے لیے ٹراما سینٹر پہنچ گئے، زخمیوں کی عیادت کی اور لواحقین سے علاج معالجے کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، ساتھ ہی محکمہ صحت کے حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ زخمیوں کی مکمل صحت یابی تک ان کا مکمل خیال رکھا جائے گا، دہشت گردی کے ایسے واقعات حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ صرف سیکیورٹی فورسز کی نہیں ہر فرد کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر شہری کی قربانیاں ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہاکہ آزادی کے نام پر بلوچستان کے معصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا بیرونی ایجنڈے کا حصہ ہے ، قومی یکجہتی سے دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔ بلوچستان میں قیام امن کے لیے بہنے والا لہو رائیگاں نہیں جائے گا ۔