سٹی 42 : صدر مملکت آصف علی زرداری نے مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے خلاف انٹیلی جنس اطلاعات پر مبنی آپریشن میں 3 دہشت گردوں کے خاتمےپر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے آپریشن میں شہید ہونے والے میجر زیاد سلیم اول اور سپاہی نظام حسین کو خراج عقیدت اور ان کی قربانی کو سلام پیش کیا، کہا کہ میجر زیاد سلیم اول شہید اور سپاہی نظام حسین شہید نے مادر وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ دے کر بہادری کی نئی مثال قائم کی۔
صدر مملکت نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔ آصف علی زرداری نے کہاکہ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔