ویب ڈیسک: آئی ایف بی بی پرو باڈی بلڈر جیسن لو (Jason Lowe) 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ رپورٹس کے مطابق انہیں دل کا دورہ پڑا، جس کے باعث ان کی موت واقع ہوئی۔ ان کے انتقال کی تصدیق ان کی اہلیہ ایشلے لو نے جمعرات کو سوشل میڈیا کے ذریعے کی۔
جیسن لو کی اچانک وفات نے باڈی بلڈنگ کی دنیا کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق جیسن لو اپنے گھر کے گیراج میں ٹریننگ کر رہے تھے کہ اچانک گر پڑے۔ ان کی اہلیہ ایشلے لو نے اپنے شوہر کی وفات پر ایک جذباتی پیغام میں کہا کہ یہ ان کی زندگی کا سب سے مشکل دن ہے اور الفاظ اس بات کا اظہار نہیں کر سکتے کہ جیسن ان کے لیے کیا حیثیت رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جیسن نے انہیں ایک بہتر انسان بنایا اور وہ ایک بہترین باپ بننے والے تھے۔
ایشلے لو نے مزید لکھا کہ وہ اس وقت اپنے صحن میں جیسن کی اولمپیا جیکٹ پہنے بیٹھی ہیں اور انہیں محسوس کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، کیونکہ ان کے بغیر دنیا پہلے جیسی نہیں رہی۔
واضح رہے کہ جیسن لو نے تقریباً دس سال قبل باڈی بلڈنگ کے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ 2025 تک باقاعدگی سے مقابلوں میں حصہ لے رہے تھے۔ انہوں نے اپنی موت سے ایک دن قبل بھی سوشل میڈیا پر ٹریننگ ویڈیو شیئر کی تھی۔
جیسن لو نے اپنے کیریئر میں کئی مقابلوں میں ٹاپ تھری پوزیشنز حاصل کیں اور دو مرتبہ مسٹر اولمپیا اسٹیج پر شرکت کی۔ انہوں نے 2018 میں سان انتونیو پرو مقابلہ جیتا، 2019 میں پہلی بار اولمپیا میں شرکت کرتے ہوئے 16ویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ 2020 میں نیو یارک پرو مقابلے میں دوسری پوزیشن پر رہے۔ بعد ازاں وہ شکاگو پرو، اورلینڈو پرو سمیت کئی بڑے مقابلوں میں شریک ہوئے۔