سٹی 42: پاکستان آرمی اور سول انتظامیہ کے اشتراک سے منعقد ہونے والی تین روزہ سائیکل ریس کا آخری مرحلہ آج مٹھی میں اختتام پزیر ہوا۔ 21 جنوری کو اس ریس کا آغاز ہوا اور مقابلوں میں پاکستان آرمی کی دو ٹیموں سمیت کراچی، حیدرآباد ، لاڑکانہ ، سکھر اور ٹھٹھہ کی کل آٹھ ٹیموں نے شرکت کی۔
ریس کے شرکا نے تین مراحل میں کل 180 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔مجموعی طور پر پاکستان آرمی اے پہلے اور کراچی اے دوسرے نمبر پر رہی، 70 کلومیٹر کی سکریچ ریس میں کراچی ٹیم اے کے بلال نے پہلی اور ٹیم بی کے عاشر نے دوسری جبکہ پاکستان آرمی اے کے حوالدار غلام عباس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
42 کلومیٹر انفرادی ریس میں آرمی اے کے محمد بلال پہلے، کراچی بی کے عامر دوسرے اور آرمی اے کے زاہد محمود تیسرے نمبر پر رہے ۔ 52 کلومیٹر کی ٹیم ریس پاکستان آرمی اے ٹیم نے میدان مار لیا اور گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ کراچی اے سلور اور پاکستان آرمی بی کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئی ۔
اختتامی تقریب میں بڑی تعداد میں طلباء، شہریوں ، سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور منتظمین کو مبارکباد پیش کی ۔ مہمانِ خصوصی نے تھرپارکر میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایسے ایونٹس کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا اور شرکاء کے جذبے کو سراہا۔ اختتامی تقریب میں سندھی ثقافت کے رنگ نمایاں تھے۔