سٹی 42: لوہی بھیر، سی بی آر ٹاؤن فیز ون میں آوارہ کتوں کی بھرمار، شہری خوف کا شکار
وفاقی دارالحکومت کے علاقے لوہی بھیر میں واقع سی بی آر ٹاؤن فیز ون کے مکین آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ بالخصوص رمضان المبارک کے دوران تراویح کے لیے مساجد جانے والے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق رات کے اوقات میں آوارہ کتوں کے جھنڈ گلیوں اور سڑکوں پر گھومتے نظر آتے ہیں جس کے باعث خواتین، بزرگوں اور بچوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
گزشتہ روز ایک معصوم بچے کو آوارہ کتے نے کاٹ لیا، جس کے بعد اہل علاقہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ بچے کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی گئی۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات درج کروائی گئیں مگر تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر آوارہ کتوں کی تلفی یا منتقلی کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے۔علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر مسئلے کا فوری حل نہ نکالا گیا تو وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور لوہی بھیر سمیت ملحقہ آبادیوں میں آوارہ کتوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی جائے ۔