سٹی 42: کمانڈر رائل نیوی آف عمان ریئر ایڈمرل سیف بن ناصر نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور دو طرفہ نیول تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، کمانڈر رائل نیوی آف عمان نے پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خطے میں بحری سلامتی کے لیے کردار کی تعریف کی۔
پاکستان نیوی اور رائل نیوی آف عمان کے درمیان وائٹ شپنگ انفارمیشن شیئرنگ سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے، مفاہمتی یادداشت کا مقصد بحری معلومات کے تبادلے کے لیے طریقہ کار طے کرنا اور باہمی آگاہی میں اضافہ ہے۔
پاکستان اور عمان مشترکہ بحری سرحدوں اور جغرافیائی قربت کے باعث قریبی تعلقات رکھتے ہیں ، دونوں ممالک کے تعلقات میں دفاع، معیشت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون شامل ہیں۔