سٹی42: پاکستان ریلوے کو درپیش ٹرین ڈرائیورز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ریلوے ہیڈکوارٹر نے بڑے پیمانے پر نئی بھرتیوں کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر 417 اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیورز بھرتی کیے جائیں گے۔ لاہور ڈویژن میں 26، کراچی میں سب سے زیادہ 182، سکھر میں 66، ملتان میں 51، پشاور میں 33، راولپنڈی میں 30 جبکہ کوئٹہ ڈویژن میں 29 اسسٹنٹ ڈرائیورز کی بھرتی کی جائے گی۔
ریلوے حکام کے مطابق بھرتی کے لیے تعلیمی اہلیت میٹرک کے بعد تین سالہ ڈی اے ای (ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ) مقرر کی گئی ہے۔ مکینیکل، الیکٹریکل، آئی ٹی اور آٹو موبائل ٹیکنالوجی میں تین سالہ ڈپلومہ رکھنے والے نوجوان ان آسامیوں کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
کوٹہ پالیسی کے تحت 60 فیصد آسامیاں اوپن میرٹ پر پُر کی جائیں گی، جبکہ 20 فیصد کوٹہ ریلوے ملازمین کے بچوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 10 فیصد کوٹہ ایکسپریس سروس مین، 5 فیصد اقلیتوں اور 5 فیصد کوٹہ یتیم بچوں کے لیے رکھا گیا ہے۔