ویب ڈیسک:ملک میں رجب المرجب کا چاند نظر آنے کے بعد رمضان المبارک کی آمد کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے۔ رجب کے بعد شعبان اور پھر مسلمانوں کا مقدس ترین مہینہ رمضان المبارک آتا ہے، جس کی تیاریوں کا آغاز بھی اسی مرحلے پر ہو جاتا ہے۔
کیلنڈر کے مطابق رمضان المبارک 2026 کا آغاز 20 یا 21 فروری کو ہونے کا امکان ہے، جس کا مطلب ہے کہ اب رمضان کی آمد میں تقریباً 60 سے 61 دن باقی رہ گئے ہیں۔ اگر رجب اور شعبان دونوں مہینے 30،30 دن کے مکمل ہوئے تو فروری کے تیسرے ہفتے میں پہلا روزہ رکھا جا سکتا ہے۔
تاہم رمضان المبارک کے آغاز کا حتمی اعلان ہمیشہ کی طرح مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی چاند دیکھنے کے بعد ہی کرے گی، اس لیے ممکنہ تاریخوں میں ایک دو دن کا فرق بھی آ سکتا ہے۔
اسی طرح کیلنڈر کے مطابق اگر رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل ہوئے تو عیدالفطر 22 مارچ 2026 بروز اتوار منائے جانے کا امکان ہے، جبکہ 29 روزے ہونے کی صورت میں عید 21 مارچ بروز ہفتہ ہو سکتی ہے۔ عیدالفطر کی حتمی تاریخ کا اعلان بھی شوال کا چاند نظر آنے کے بعد رویتِ ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔