ویب ڈیسک: جنگ بندی کے بعد ایران نے تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بین الاقوامی مسافر پروازوں کی بحالی کا اعلان کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق ہفتہ 25 اپریل سے استنبول اور مسقط کے لیے فضائی آپریشن دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ دیگر بین الاقوامی اور اندرونِ ملک روٹس کے لیے پروازوں کی اجازت مرحلہ وار دی جائے گی، جس کا انحصار طلب اور آپریشنل صورتحال پر ہوگا۔
امام خمینی ایئرپورٹ سٹی کے سربراہ رامین کاشف آذر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جنگ کے باعث معطل ہونے والا فضائی نظام اب بحالی کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق ایئرپورٹ کا انفراسٹرکچر اور نیوی گیشن سسٹمز مکمل طور پر فعال ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی کے دوران ایئرپورٹ کو صرف کارگو آپریشنز کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا، تاہم اب مسافروں کے لیے بھی تمام سہولیات دوبارہ فراہم کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب ایران کی قومی ایئر لائن نے 22 اپریل کو تہران سے مشہد کے لیے پہلی داخلی پرواز چلا کر ملکی فضائی سروسز کی بحالی کا آغاز کیا، جسے اب بتدریج وسعت دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال فروری کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں اور ایران کے ردعمل کے بعد ملک کی فضائی حدود متاثر ہوئی تھیں۔ بعد ازاں 8 اپریل کو پاکستان کی ثالثی میں جنگ بندی کے بعد صورتحال معمول پر آنا شروع ہوئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی حالیہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی درخواست پر جنگ بندی اس وقت تک برقرار رکھی جائے گی جب تک ایران کی جانب سے کوئی جامع پیشکش سامنے نہیں آتی۔ اسلام آباد میں ہونے والی سفارتی کوششوں کو خطے میں استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔