ویب ڈیسک : بالی وڈ ہدایت کار اور ماضی کی اداکارہ پروین بابی کے سب سے زیادہ لمبے عرصے تک دوست رہنے والے مہیشں بھٹ کا کہنا ہے کہ پروین بابی نفسیاتی مریضہ بن چکی تھیں۔
ماضی کی معروف اداکارہ پروین بابی کے پرانے دوست اور بالی وڈ ہدایت کار مہیشں بھٹ کا کہنا ہے 1979 کی ایک شام انہیں بھلائے نہیں بھولتی جب انہیں پروین بابی کی والدہ نے ایمرجنسی میں فون کیا اور فوری آنے کے لئے کہا۔ مہیش بھٹ کا کہنا ہے وہ پروین بابی کے جوہو میں واقع اپارٹمنٹ پہنچے تو ان کی خوفزدہ والدہ کو کوریڈورمیں بیٹھے پایا ۔ انہوں نے سرگوشی میں بھٹ سے کہا کہ جاؤ کمرے میں پروین بابی کو کچھ ہوگیا ہے ۔جب مہیش بھٹ کمرے میں پہنچے تو دیکھا کہ پروین بابی ایک فلم کا کاسٹیوم پہنے بیٹھی ہے اور ہاتھ میں ایک لمبا چاقو پکڑ رکھا ہے۔ میرے استفسار کرنے پر بابی نے کہا کہ وہ مجھے مار ڈالیں گے۔ مہیش بھٹ ان کا ہاتھ پکڑ کر باہر لے گئے۔ جب ماہر نفسیات سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے انہیں ادویات دے کر پرسکون کردیا اور بتایا کہ پروین بابی'' شیزو فرینیا'' کی مریض ہیں۔ ان کا بہت خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔