سٹی42: پنجاب حکومت نے صوبے میں بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بجلی کے نرخوں میں 2 روپے 77 پیسے فی یونٹ تک کمی کی جا سکتی ہے، جس سے صارفین کو تقریباً 27 ارب روپے کی بچت ہوگی۔
پنجاب حکومت نے آپریشن اور مینٹیننس لاگت کی بنیاد پر ٹیرف (بجلی نرخ) میں کمی لانے کی سمری تیار کر لی ہے۔ اس مقصد کے لیے حکومت نے وفاقی حکومت سے باضابطہ رجوع کیا ہے تاکہ ٹیرف میں تبدیلی کے بعد صوبے بھر کے صارفین کو رعایت دی جا سکے۔
اطلاعات کے مطابق سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA) کے ساتھ معاہدے کے ذریعے بجلی کی قیمت میں کمی کی جائے گی، اور اس معاہدے کی سمری پہلے ہی سی پی پی اے کو بھجوا دی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق قائداعظم سولر پاور پلانٹ سے حاصل ہونے والی بجلی کی لاگت میں کمی سے بھی مجموعی نرخ نیچے لانے میں مدد ملے گی۔ پنجاب کابینہ پہلے ہی پاور ہاؤسز سے بجلی کی قیمت میں کمی کے اس منصوبے کی منظوری دے چکی ہے، اور اب اس پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔