نگران وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانے کا حکم

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اویس کیانی:  نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فوائد عام آدمی تک پہنچانے کا حکم دے دیا۔

 نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ کے زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عام آدمی تک پہنچانے پر غور کیا گیا، حکام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی پر شرکاء کو بریفنگ دی۔

 اجلاس کو اسمگلنگ و بجلی چوری کیخلاف آپریشن کے نتائج کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، شرکاء کو بریفنگ دی گئی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے سے مہنگائی کی شرح میں 1.7 فیصد کمی ہوئی، یہ کمی گزشتہ ایک برس میں سب سے زیادہ کمی ہے۔

 اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 12.38 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 4.7 فیصد کمی ہوئی، اس کمی کے فوائد عام آدمی تک جلد پہنچانے کیلئے اقدامات کیے جائیں، ڈالر کی قیمت میں استحکام اور پٹرولیم قیمتوں میں کمی سے 41 ارب روپے کی بچت ہوئی، اس بچت کا ریلیف عام آدمی تک پہنچے گا۔

 انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، بجلی چوری کی روک تھام اور اسمگلنگ کیخلاف آپریشن سے عام صارف کو فائدہ ہوا، بلوچستان میں گندم کی قیمت میں 18 فیصد کمی ہوئی، بلوچستان میں چینی کی قیمت میں اوسطاً 16 فیصد کمی خوش آئند ہے، چاروں صوبوں میں صوبائی انتظامیہ کے اقدامات کی بدولت سفری کرایوں میں اوسطًا 10 فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔

 نگران وزراء اعلیٰ محسن نقوی، مقبول باقر، اعظم خان، چیف سیکرٹریز اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

 اجلاس میں خشک راشن، اجناس، آٹے، چینی، گھی و تیل، سبزیوں و پھلوں گوشت وغیرہ کے نرخوں میں کمی پر بھی بریفنگ دی گئی، شرکاء کو بتایا گیا کہ تمام صوبوں میں پرائس مجسٹریٹ پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے فوائد عام آدمی تک پہنچانے کیلئے سرگرم ہیں۔