اسرائیل کا شمالی غزہ میں ایک اور زمینی حملہ، ٹینک تباہ

اسرائیل کا شمالی غزہ میں ایک اور زمینی حملہ، ٹینک تباہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: اسرائیل کی فوج نے شمالی غزہ میں داخلےکی ایک اور کوشش کی جس کے بارے میں حماس کا کہنا ہے کہ وہ ناکامی سے دوچار ہوئی اور حماس کی القسام بریگیڈز نے شمالی غزہ میں داخل ہونے والے ٹینکوں میں سے ایک ٹینک تباہ کردیا جس کے بعد باقی اسرائیلی ٹینک پیچھے ہٹ کر واپس چلے گئے۔

فلسطینی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز  نے غزہ کی سرحد کے قریب اسرائیلی حملے کو پسپا کرنےکا جو دعویٰ کیا ہے اس کی امریکی میڈیا نے تصدیق کی ہےاور بتایا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج اور  حماس کے درمیان خان یونس کے سرحدی علاقے میں زمینی جھڑپ ہوئی ہے۔

القسام بریگیڈز کےذرائع کا کہنا ہے کہ جھڑپ میں اسرائیلی فوج کے 2 بلڈوزر اور ایک ٹینک کو تباہ کردیا گیا، جھڑپ کے بعد اسرائیلی فوجیوں کو اپنی گاڑیوں کے بغیر  پیچھےہٹنا پڑا اور  وہ فوجی گاڑیاں چھوڑ  کر  واپس بھاگ گئے۔

اس جھڑپ کے حوالے سےعرب میڈیا کا کہنا ہےکہ  اسرائیلی فوج کی غزہ میں داخل ہونےکی کوشش ناکام ہوگئی، اسرائیلی فوج غزہ  اور   اسرائیل کے درمیان آہنی باڑ  کی مرمت کے لیے جانا چاہتی تھی کہ اسرائیلی فوج کا ٹینک فلسطینیوں کے نرغے میں آگیا اور  اسرائیلی فوج فائرنگ کی زد میں آکر  ٹینک چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگئی۔

اسرائیل کا ٹینک تباہ ہونے کا اعتراف

  اسرائیل نے بھی   غزہ کی سرحد کے قریب اپنے ایک ٹینک کی تباہی کا اقرار کیا ہے۔

  اسرائیل کے غزہ میں حملے 16 ویں روز بھی جاری ہیں، اس بمباری سے دو ہفتوں کے دوران غزہ کے شہید فلسطینیوں کی تعداد 4 ہزار 7 سو سے تجاوز کرگئی جن میں 40 فیصدبچے شامل ہیں، ہوائی حملوں سے زخمی ہونے والے 16 ہزار  تک پہنچ گئے ہیں۔

اسرائیل کی گزہ مین 24 ہسپتال خالی کرنے کی وارننگ

  اسرائیل نے 24 فلسطینی اسپتالوں کو خالی کرنےکی وارننگ دی ہے اسرائیل کا کہنا ہے کہ ان ہسپتالوں میں مریضوں کی آڑ میں حماس اپنے آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہے،  دوسری جانب فلسطینی ہلال احمر نے غزہ کے اسپتالوں کو خالی کرنےکی اسرائیلی وارننگ کو مریضوں کے لیے سزائے موت جیسا قرار دیا ہے اور کہا ہےکہ زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، انہیں بحفاظت کہیں اور منتقل نہیں کرسکتے۔

مغربی کنارے پر حملے

غزہ پر فضائی حملوں کے بعد اسرائیل نے مغربی کنارے پر بھی فضائی حملے شروع کردیے ہیں۔

اسرائیل کی فضائیہ نے مغربی کنارے کے علاقے جنین کے پناہ گزین کیمپ کی مسجد کو نشانہ بنایا جس میں 2 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔