ویب ڈیسک : پنجاب یونیورسٹی نے آل پاکستان ایچ ای سی یونیورسٹی باڈی بلڈنگ چیمپیئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
پنجاب یونیورسٹی نے 16 سال بعد 92 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، یونیورسٹی آف لاہور نے 72 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب نے 70 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پی یو کے ڈائریکٹر اسپورٹس ڈاکٹر شبیر سرور نے اس موقع پر کہا کہ یہ پنجاب یونیورسٹی کی باڈی بلڈنگ ٹیم کی تاریخی فتح ہے کیونکہ 16 سال بعد پی یو نے ایچ ای سی چیمپیئن شپ 2025-26 میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ وی سی ڈاکٹر محمد علی کی کھیل دوستانہ پالیسیاں اور ہماری ٹیم کے منیجر ندیم منیر، ٹیم کوچ اور کھلاڑیوں کی انتھک محنت ہے، پچھلے سال پی یو چوتھی پوزیشن پر تھا۔
وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے ٹیم کے کھلاڑیوں اور عہدیداروں سے ملاقات کی جو فتح منانے کے لیے ڈھول لیکر وی سی آفس پہنچ گئے۔ وی سی ڈاکٹر محمد علی نے اس تاریخی فتح پر ٹیم اور عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔