ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

غیر قانونی حجاج کیلئے بھاری جرمانوں اور قید کی سزاؤں کا اعلان

 غیر قانونی حجاج کیلئے بھاری جرمانوں اور قید کی سزاؤں کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: سعودی عرب نے حج سیزن کے دوران غیر قانونی عازمین کی نقل و حرکت روکنے کیلئے سخت اقدامات نافذ کر دیے ہیں، نئے سیکیورٹی پلان کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کیلئے بھاری جرمانوں اور قید کی سزاؤں کا اعلان کیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ سعودی عرب  کی جانب سے حج 1447 ہجری کیلئے جاری کردہ سیکیورٹی پلان میں کہا گیا ہے کہ بغیر حج پرمٹ افراد کو مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ پہنچانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مکہ مکرمہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد بن عبداللہ البسامی نے بتایا کہ غیر قانونی حجاج کی روک تھام کیلئے شہر کے داخلی راستوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ خصوصی سیکیورٹی حصار بھی قائم کیا گیا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق بغیر اجازت عازمین کو منتقل کرنے والے افراد کو 6 ماہ تک قید اور 50 ہزار ریال تک جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔ غیر ملکی ٹرانسپورٹرز کو سزا مکمل ہونے کے بعد 10 برس کیلئے سعودی عرب میں داخلے پر پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ جعلی حج اشتہارات، فراڈ اور دھوکہ دہی میں ملوث عناصر کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے، جبکہ جیب تراشی اور دیگر جرائم کی روک تھام کیلئے خصوصی سیکیورٹی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق حج سیکیورٹی نظام میں پہلی مرتبہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کو بھی شامل کیا جا رہا ہے تاکہ عازمین کی نگرانی، ہجوم کے انتظام اور سیکیورٹی صورتحال کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔