افشاں رضوان:عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی قصابوں کی ایڈوانس بکنگ میں تیزی آ گئی ہے جبکہ ان کی فیس میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قربانی کے جانوروں کے بعد اب قصائی کے اخراجات بھی ان کیلئے بڑا مالی بوجھ بن چکے ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق بڑے جانور کی قربانی کیلئے عید کے پہلے دن قصاب 25 سے 30 ہزار روپے تک فیس طلب کر رہے ہیں، جبکہ چھوٹے جانور کی قربانی کیلئے 10 سے 15 ہزار روپے تک وصول کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں قصابوں کی فیس تقریباً دگنی ہو چکی ہے۔
متعدد شہریوں نے شکایت کی کہ مہنگائی کے باعث پہلے ہی قربانی کے جانور خریدنا مشکل ہو چکا ہے، ایسے میں قصابوں کے بڑھتے ہوئے نرخوں نے عید کے اخراجات مزید بڑھا دیے ہیں۔
دوسری جانب قصابوں کا موقف ہے کہ مہنگائی کے باعث ان کے اوزار، مزدوری اور سفری اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے، اسی وجہ سے فیس بڑھانا مجبوری بن چکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عید کے دنوں میں کام کا دباؤ بہت زیادہ ہوتا ہے اور محدود وقت میں زیادہ قربانیاں کرنے کیلئے اضافی افرادی قوت کا بندوبست بھی کرنا پڑتا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قصابوں کی فیس میں اعتدال لانے کیلئے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے کردار ادا کریں تاکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔