(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب نے غیر ملکی افراد کو حج کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا جس کے تحت 60 ہزار غیرملکی رواں سال حج کرسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی حکومت نے رواں سال غیرملکی افراد کو بھی حج کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور طے کیا ہے کہ کم ازکم 60 ہزار غیرملکی باشندوں کو حج کی اجازت دی جائے گی۔
اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی نے خبر کی تصدیق کی اور کہا کہ 18 سال سے 60 سال کی عمر کے افراد کو حج کی اجازت دی جاسکے گی تاہم 18 سے کم اور 60 سال سے زائد العمر افراد کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حج کے موقع پر تمام احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد ہوگا، صرف صحت مند افراد ہی حج کرسکیں گے، کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ اور ویکسین کے سرٹیفکیٹ جیسی شرائط بھی لاگو ہونگی۔
سعودی حکومت کی جانب سے عازمین حج کیلئے کورونا ویکسینیشن کی شرط کے بعد پاکستانی وزارت خارجہ نے سعودی حکومت سے رابطہ کیا, پاکستان نے سعودی حکومت سے چینی ویکسین رجسٹرڈ کرنے کی درخواست کی ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ پاکستانیوں نے چینی ویکسین لگوائی ہے اور ڈاکٹرز دوبارہ کوئی اور ویکسین لگوانےکی اجازت نہیں دیتے۔پاکستان نے درخواست کی کہ سعودی وزارت صحت چینی ویکسین کو اجازت دے۔
خیال رہے کہ سعودی ٹریول پالیسی کے مطابق سعودی عرب صرف ان شہریوں کو ملک میں داخلے کی اجازت دے گا جنہوں نے فائزر، موڈرنا، جانسن اینڈ جانسن اور ایسٹرازینیکا کی ویکسین لگوائی ہو۔