(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کو صحافی کے ساتھ بدسلوکی کرنے پر عدالت نے سمن جاری کرتے ہوئے5 اپریل کو طلب کرلیا۔
اداکار سلمان خان اور عدالتی کیسز کا چولی دامن کا ساتھ لگتا ہے، 1998 میں کالے ہرن کے شکار کے کیس سمیت متعدد عدالتی کیسز کا سامنا کرنے والے بالی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کو ایک اور قانونی جنگ کا سامنا ہے۔
بھارتی نیوز ایجنسی نے بتایا کہ سلمان خان نے ایک صحافی اشوک پانڈے کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی کی، جس کی وجہ سے ممبئی کی اندھیری مجسٹریٹ کورٹ نے اداکار کو سمن جاری کردیا۔سمن کے مطابق سلو میاں کو صحافی کی جانب سے 2019 میں دائر کیے گئے مقدمے میں 5 اپریل کو عدالت طلب کیا گیا ہے، سلمان خان پر انڈین پینل کوڈ کے سیکشن 504 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔
دوسری طرف راجستھان ہائی کورٹ نے پیر کو سلمان خان کے خلاف کالے ہرن کے شکار کے مقدمے کی دو درخواستوں کو جودھ پور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سے ہائی کورٹ منتقل کرنے کی اجازت دے دی ہے، جس میں اداکار کے خلاف ایک سماعت پہلے ہی زیر التوا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سلمان خان نے ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں ان دونوں درخواستوں کو ہائی کورٹ منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا تاکہ تینوں مقدمات کی سماعت ایک جگہ پر ہو۔