ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کم آمدنی والا طبقہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کا منتظر

کم آمدنی والا طبقہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کا منتظر
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

شہزاد خان ابدالی:لاہور: شہر میں مہنگائی کا دباؤ بدستور برقرار ہے جس کے باعث کم آمدنی والے شہری شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی بلند قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو متاثر کر دیا ہے جبکہ شہری گھی، کوکنگ آئل، چاول اور دیگر اجناس کی قیمتوں میں کمی کے منتظر ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق مختلف برانڈز اور اقسام کے گھی کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں۔ درجہ اول گھی تقریباً 600 روپے فی کلوگرام، درجہ دوم 545 روپے جبکہ درجہ سوم گھی 470 روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب دودھ، دہی اور گوشت کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ دودھ کی سرکاری قیمت 170 روپے فی لیٹر مقرر ہے، تاہم بیشتر علاقوں میں دودھ 240 سے 250 روپے فی لیٹر تک فروخت کیا جا رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بنیادی ضروریات کی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے گھریلو اخراجات کو قابو سے باہر کر دیا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ متعلقہ ادارے قیمتوں پر مؤثر کنٹرول یقینی بنائیں اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کرایا جائے۔

ماہرین کے مطابق اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں استحکام اور موثر نگرانی سے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے، خصوصاً کم آمدنی والے طبقے کو فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔