سٹی42: اسلام آبا د میں شوگر ایڈوائزری بورڈ نے 5 لاکھ ٹن چینی درآمدکرنےکی منظوری دے دی ہے۔
وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس میں بورڈ نے 5 لاکھ ٹن چینی درآمدکرنےکی منظوری دے دی۔ اجلاس میں شوگر مل مالکان کی من مانی کو قیمتوں میں اضافےکو چینی امپورٹ کرنے کی اہم وجہ قرار دیا گیا۔ چینی کی فراہمی اور قیمتوں پر قابو پانےکے لیے سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
رانا تنویر حسین نے اجلاس کو بتایا کہ چند روز میں درآمدی چینی سے متعلق رسمی کارروائیاں مکمل کرلی جائیں گی۔
رانا تنویر حسین نے کہا چینی کی قیمتوں میں استحکام کے لیے درآمدکا فیصلہ ناگزیر ہوگیا ہے، ملک بھر میں چینی کی سپلائی میں کمی کا سامنا ہے۔
چینی کی قلت پرقابو پانےکے لیے فوری اقدامات جاری ہیں، درآمدی چینی کو جلد مارکیٹ میں لایا جائےگا تاکہ صارفین کو ریلیف مل سکے۔