طلحہ اشرف:سال 2025 میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان اور سپلائی سے متعلق تفصیلی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔
ڈرگ ایڈوائزری ٹریننگ حب کی جانب سے جاری کردہ سالانہ رپورٹ کنسلٹنٹ انسدادِ منشیات مہم سید ذوالفقار حسین نے میڈیا کے سامنے پیش کی۔
رپورٹ کی تقریب میں سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جویا نے شرکت کی اور منشیات کے خلاف 2026 کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو مشترکہ جدوجہد کرنا ہو گی۔
اس موقع پر وائس چیئرمین سید محسن نے منشیات کے خلاف جاری مہم، ادارہ جاتی کوآرڈینیشن اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر بریفنگ دی۔ تقریب میں سیکرٹری عدیل راشد، ممبر ایگزیکٹو کمیٹی ضیا اللہ مرزا بھی شریک ہوئے۔
سینئر صحافی میاں حبیب سمیت مختلف میڈیا نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی۔ یاسین جویا نے اعلان کیا کہ پنجاب بھر کی تمام چیمبرز آف کامرس کا دورہ کر کے کاروباری طبقے کو بھی انسدادِ منشیات مہم میں شامل کیا جائے گا، تاکہ معاشرے سے منشیات کے خاتمے کے لیے مؤثر اور مربوط اقدامات کیے جا سکیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منشیات کے خلاف آگاہی اور عملی اقدامات کو مزید تیز کیا جائے گا۔