ویب ڈیسک: ایک غیر معروف سیاسی جماعت ہم عوام پاکستان پارٹی نے الیکشن کمیشن سے ’بلے‘ کا نشان مانگ لیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہم عوام پاکستان پارٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل احمرزمان خان نے کہا کہ رات کو جوفیصلہ آیا اس نے ثابت کردیا کہ آئین و قانون ہی سب کچھ ہے۔انہوں نے بتایاکہ ہمارا انتخابی نشان تالہ تھا، گوشوارے جمع نہ کرانے پر ہم سے انتخابی نشان تالہ واپس لے لیا گیا لہٰذا ہماری الیکشن کمیشن سے استدعا ہے کہ ہمیں بلے کا انتخابی نشان الاٹ کیا جائے۔احمر زمان کا کہنا تھاکہ ہماری پارٹی نے بلے کا انتخابی نشان پہلے مانگا تھا ہمیں ملنا چاہیے، الیکشن کمیشن ہماری پہلے سے جمع درخواست کو منظور کرے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آئین کے تحت یہ حق حاصل ہے، ہم نے الیکشن کمیشن سے استدعا کر رکھی ہے اور ہمیں الیکشن کمیشن پر پورا اعتماد ہے ہماری بات سنی جائے گی ۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرا پارٹی انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہ کرانے پر پاکستان تحریک انصاف سے بلے کا نشان واپس لے لیا ہے۔