(درنایاب) پنجاب حکومت کا لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کے ایکٹ میں ترامیم کا فیصلہ، پنجاب کے تمام رنگ روڈز کی ذمہ داریاں تفویض ہوں گی جبکہ نام بھی پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی ہوجائے گا، لاہور رنگ روڈ اتھارٹی نے ترمیمی مسودہ تیار کرلیا۔
پنجاب حکومت کے احکامات کی روشنی میں لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کے قانون میں ترمیم کے بعد نام تبدیل ہوکر پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی ہوجائے گا، قانون میں ترمیم کے بعد رنگ روڈ اتھارٹی لاہور سمیت پنجاب بھر کی تمام رنگ روڈ کی تعمیر و مرمت کی ذمہ دار ہوگی۔
قانون سازی کے لئے مسودہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو ارسال کر دیا گیا ہے جس کے بعد محکمہ قانون اور پھر پنجاب اسمبلی سے منظوری کیلئے ترمیمی ایکٹ بھیجا جائے گا، قانون میں ترمیم کے بعد راولپنڈی رنگ روڈ بھی موجودہ اتھارٹی کے دائرہ کار میں آجائے گا، لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ بھی پنجاب حکومت کی جانب سے کیا گیا ہے۔واضح رہےکہ رنگ روڈ اتھارٹی کا قیام جولائی دوہزار گیارہ کو عمل میں لایا گیا۔
دوسری جانب رنگ روڈ ایس ایل تھری کا منصوبہ تعمیراتی معاہدہ ہونے کے باوجود فعال نہیں ہوا، تعمیراتی معاہدہ پر عملدرآمد کے لئے تین ماہ کا وقت بھی گزر گیا۔وزیراعظم کی موجودگی میں13 جون 2020 کو ایس ایل تھری کا معاہد ہوا تھا،جس کے مطابق13 جون کو ہونیوالے معاہدے پر تین ماہ میں عملدرآمد کرنا لازم تھا، لاہور رنگ روڈ اتھارٹی سدرن لوپ تھری کیلئے ساڑھے چارہزار کنال اراضی بھی تعمیراتی کمپنی کو نہیں دے سکی جبکہ وائبیلٹی گیپ فائنانسگ کی مد میں دو اعشاریہ چار ارب بھی رنگ روڈ کو نہ ملے۔