سٹی42: پاکستان ریلوے میں آپریشنل اسٹاف کی جانب سے فیلڈ کی بجائے دفاتر میں اسٹیشنری ڈیوٹی دینے کا انکشاف ہوا ہے جس سے نہ صرف ٹرین آپریشن بری طرح متاثر ہو رہا ہے بلکہ قومی خزانے کو بھی کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ریلوے کے متعدد ڈرائیورز اور گارڈز ٹرینیں چلانے کی بجائے دفاتر میں آرام دہ ڈیوٹیاں انجام دے رہے ہیں۔یہ اہلکار بھاری الاؤنسز بھی وصول کر رہے ہیں حالانکہ وہ فیلڈ میں کام نہیں کر رہے۔
ریلوے حکام کو ان معاملات کا علم ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔فیلڈ میں عملے کی شدید کمی کے باعث ٹرین آپریشن متاثر ہو رہا ہے۔فیلڈ میں موجود ڈرائیورز کو مسلسل اوور ٹائم کرنا پڑ رہا ہے، جو نہ صرف ان کی کارکردگی متاثر کر رہا ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھا رہا ہے۔
وزارتِ ریلوے کے احکامات کے مطابق اسٹیشنری ڈیوٹی کرنے والے اہلکار 55 فیصد فیلڈ الاؤنس کے حقدار نہیں لیکن اس کے باوجود یہ رقم وصول کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ غیر قانونی طور پر وصول کیے جانے والے الاؤنسز سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔