ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں سانحہ 9 مئی کے سزا یافتہ سابق اراکین اسمبلی کی نااہلی برقرار , لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں سزا یافتہ تحریک انصاف کے سابق اراکین اسمبلی احمد خان بچر اور محمد احمد چٹھہ کی جانب سے دائر درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کرخارج کر دیں۔
جسٹس خالد اسحاق نے سابق اراکین اسمبلی احمد خاں بچر اور محمد خان چٹھہ کی درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کیں ،۔ عدالت نے قرار دیا کہ چونکہ درخواست گزار سزا اور عدالتی فیصلے سے جڑے معاملے میں انصاف سے مفرور ہیں، اس لیے وہ عدالت سے ریلیف لینے کے اہل نہیں ہیں۔ فیصلے میں کہا گیا کہ "مفرور نااہلی کے نظریے کے تحت عدالت کا دائرہ اختیار کسی ایسے شخص کے حق میں استعمال نہیں کیا جا سکتا جو خود عدالتی عمل سے راہِ فرار اختیار کر چکا ہو۔سماعت کے دوران پنجاب حکومت کی نمائندگی اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل عثمان خان نے کی جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل لاء بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ احمد خان بچر (سابق ایم پی اے) اور محمد احمد چٹھہ (سابق ایم این اے) کو سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں سزا سنائی جا چکی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اپنی نااہلی کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا جسے عدالت نے خارج کر دیا۔