(ویب ڈیسک) پشاورمیں جدید ترین سہولیات سے آراستہ ڈیجیٹلائزڈ ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا افتتاح کر دیا گیا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے ٹریفک ہیڈ کوارٹرز پشاور میں جدید ترین سہولیات سے آراستہ اور مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا افتتاح کر دیا،یہ منصوبہ ون ونڈو آپریشن کے تحت شہریوں کو تمام خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔
ٹریفک لائنز گلبہار آمد پر سٹی ٹریفک پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی پی کو سلامی پیش کی، انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کی۔چیف ٹریفک آفیسر زاہد اللہ نے آئی جی پی کو نئے ڈیجیٹل نظام اور طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی،آئی جی پی نے برانچ کے مختلف شعبوں اور کاؤنٹرز کا معائنہ کیا جہاں شہریوں کو نئے لائسنس کے حصول، تجدید اور دیگر متعلقہ خدمات فراہم کی جائیں گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پی ذوالفقار حمید کاکہناتھا کہ لائسنس کی فراہمی کے عمل کو آسان، تیز رفتار اور شفاف بنانا خیبر پختونخوا پولیس کی اولین ترجیح ہے، ہمارا مشن قانون کی پاسداری کرنے والے ذمہ دار ڈرائیورز کی حوصلہ افزائی اور سڑکوں پر سیفٹی کو یقینی بنانا ہے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے انسانی مداخلت کم ہوگی اور شہریوں کو قطاروں میں لگنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
اس ڈیجیٹلائزڈ برانچ کے قیام سے پشاور کے شہریوں کو اب لائسنس سے متعلق تمام مراحل (ٹیسٹ، فیس کی ادائیگی اور تصویر وغیرہ) کے لیے مختلف دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، تمام مراحل ایک ہی عمارت میں مکمل ہوں گے۔