سٹی 42: بھارت کی جارحیت کا جذبہ خیرسگالی سے جواب، ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھارت کو 50 ایمبولینسز فراہم کرنے کی پیشکش کر دی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث بھارت میں میڈیکل کا شعبہ بحران کا سامنا کررہا ہے، تشویشناک صورتحال دیکھ کر فیصل ایدھی نے بھارت میں کورونا مریضوں کیلئے 50 ایمبولینسز فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے جو اسلام آباد میں بھارتی سفارتخانے کے حوالے کر دیا گیا۔
خط میں بھارت میں کورونا کے بڑھتے کیسز اور اموات پر دکھ کا اظہار کیا گیا ہے، فیصل ایدھی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے ان مشکل حالات میں بھارتی عوام کی مدد کیلئے تیار ہیں،ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن، ڈرائیور، آفس اور سپورٹنگ سٹاف معاونت کریں گے۔ بھارتی حکومت کی تجاویز کے مطابق ایدھی ٹیم کسی بھی حساس علاقے میں کام کرسکتی ہے۔
دوسری جانب بھارت میں 24گھنٹے کے دوران 3 لاکھ 32 ہزار سے زائد افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 62 لاکھ 57 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ بھارت میں 24گھنٹے کے دوران کورونا سے 2ہزار 365 جبکہ اب تک کل اموات کی تعداد ایک لاکھ 86ہزار 900 سے بڑھ گئی ہے۔