ارشاد قریشی:راولپنڈی رنگ روڈ کو اسپیشل اکنامک زون کی طرز پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
38 کلومیٹر طویل راولپنڈی رنگ روڈ کو شمالی پنجاب کے معاشی گیٹ وے کے طور پر ترقی دی جائے گی.راولپنڈی رنگ روڈ کو اسپیشل اکنامک زون کے طور پر نامزد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔رنگ روڈ کے اطراف ٹیکس فری زون قائم کیا جائے گا، سیکرٹری ہاؤسنگ نے ہدایت جاری کر دی۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت راولپنڈی رنگ روڈ کے لینڈ یوز پلان کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر راولپنڈی سلمان غنی نے رنگ روڈ کے لینڈ یوز پلان کے بارے میں آگاہ کیا۔لینڈ یوز پلاننگ کنسلٹنٹ نے پلاننگ کے تمام خدوخال پر بریفنگ دی۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق رنگ روڈ کے اطراف لائٹ اور ہیوی انڈسٹریل زونز قائم کیے جائیں گے۔رہائشی اور کمرشل علاقوں کے درمیان اربن فاریسٹ کے ذریعے گرین بفر زون قائم کیا جائے گا۔رنگ روڈ کے اطراف ہسپتالوں اور ہیلتھ فسیلٹیز کیلئے بھی اراضی مختص کی جائے گی۔آئی ٹی، تعلیم، کھیل، فوڈ اور دیگر معاشی شعبوں کیلئے بھی مخصوص زونز تجویز کیے گئے ہیں۔راولپنڈی رنگ روڈ پر بس ٹرمینلز اور دیگر ضروری شہری سہولیات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق مربوط لینڈ یوز پلان سے رہائشی، تجارتی اور زرعی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔راولپنڈی رنگ روڈ کی معاشی اہمیت بڑھانے کیلئے خصوصی زوننگ کی تجویز دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق اسپیشل اکنامک زون کی نامزدگی شمالی پنجاب میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہوگی۔راولپنڈی رنگ روڈ کو علاقائی تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری کے نئے مرکز کے طور پر ترقی دی جائے گی۔راولپنڈی رنگ روڈ کے لینڈ یوز پلان کی منظوری کیلئے سمری کابینہ کو ارسال کی جائے گی۔