دوران پرواز جھگڑا،مسافر نے ساتھ بیٹھے شخص کا کان کاٹ دیا

دوران پرواز جھگڑا،مسافر نے ساتھ بیٹھے شخص کا کان کاٹ دیا

 سٹی 42 : ریان ایئرلائن کی ایک پرواز میں دومسافروں میں لڑائی ہو گئی اور ایک مسافر نے دوسرے شخص کا کان ہی دانتوں سے کاٹ کر الگ کر دیا۔

میل آن لائن کے مطابق یہ واقعہ برمنگھم سے میجورکا جانے والی ریان ایئرلائن کی پرواز پر پیش آیا۔ 29سالہ ملزم اور مضروب دونوں برطانوی شہری تھے۔ دونوں میں جھگڑا پرواز کے میجورکا کے پالما ایئرپورٹ پر پروازکے لینڈ کرنے کے بعد ہوا۔ 

رپورٹ کے مطابق ملزم کی طرف سے مضروب کا کان دانتوں سے کاٹنے پر عملے نے فوری پولیس کو بلا لیا جس نے ملزم کو طیارے کے اندر سے ہی گرفتار کر لیا اور مضروب کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم شراب کے نشے میں دھت تھا۔ اس نے شراب کے نشے میں ہی دوسرے مسافر کا ڈرنک اٹھا کر پی لیا تھا جس پر دونوں میں جھگڑا شروع ہو گیا۔ جب پولیس طیارے میں سوار ہوئی تو اس وقت ملزم ایک اور مسافر کے ساتھ ہاتھاپائی کی کوشش کر رہا تھا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ دوران پرواز ماسک نہ پہننے پر پائلٹ نے منزل سے پہلے طیارے کو اتار دیا تھا ،یہ واقعہ جاپان میں پیش آیا تھا۔

یاد رہےامریکہ میں ایک آدمی نے اپنی بیوی کی  محبت اور خدمت کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔ 6گھنٹے کی پرواز کے دوران یہ آدمی مسلسل کھڑا رہاتاکہ اس کی بیوی سیٹوں پر آرام کر سکے، کورٹنی لی جانسن نامی ایک ٹوئٹر صارف نے اس آدمی کی تصویر اپنے اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی ہے اور یہ واقعہ صارفین کو بتایا ہے جس پر ایک ہلچل مچ گئی۔ اس خاتون نے لکھا کہ یہ آدمی 6گھنٹے تک جہاز کی سیٹوں کے درمیانی راستے میں کھڑا رہا اور اس کی بیوی سیٹوں پر لیٹ کر آرام سے سوتی رہی۔