عاطف اسلم نے غزہ کیلئے 15 ملین روپے عطیہ کردیے

عاطف اسلم نے غزہ کیلئے 15 ملین روپے عطیہ کردیے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) نامور گلوکار عاطف اسلم نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے غزہ میں طبی اور خوراک کی فراہمی کے لیے ایک کروڑ 50 لاکھ روپے عطیہ کردیے۔

تفصیلات کے مطابق ایک ہفتہ قبل گلوکار  عاطف اسلم نے انسٹاگرام پر فلسطینی پرچم پوسٹ کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بننے والے معصوم لوگوں سے اظہار یکجہتی کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے لکھا تھا کہ ’فلسطین میں معصوم جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے، آئیے ایک ساتھ کھڑے ہوں اور فلسطینیوں کے شفا، امن اور امید کے لیے دعا کریں، اللہ اپنا رحم فرما۔‘

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے بعد گزشتہ روز گلوکار نے انسٹاگرام اسٹوری پر اعلان کیا انہوں نے غزہ کے لوگوں کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کو ایک کروڑ سے زائد رقم عطیہ کردی ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری کیے گئے پوسٹر کے مطابق عاطف اسلم نے الخدمت غزہ فنڈ کو فلسطین میں طبی امداد اور خوراک کی فراہمی کے لیے ایک کروڑ 50 لاکھ روپے عطیہ کیے ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ میں ہر گزرتے لمحے کے ساتھ رسد ختم ہوتی جا رہی ہے، پاکستانی تنظیمیں امداد و رسد بھیج کر فلسطین کے لوگوں کی مدد کررہی ہیں جن میں الخدمت فاؤنڈیشن بھی شامل ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن نے پاکستان میں جمع ہونے والی مالی امداد کو غزہ تک پہنچانے کے لیے آئی ایچ ایچ ہیومینٹیرین ریلیف فاؤنڈیشن، حیرت فاؤنڈیشن اور کینسویو ایسوسی ایشن جیسی ترک تنظیموں کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔