طاہر جمیل: لاہور میں ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی قیادت میں اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس مجسٹریٹس کی جانب سے شہر بھر کی مارکیٹوں میں روزانہ کی بنیاد پر انسپکشنز جاری ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران 7 ہزار سے زائد مقامات پر پرائس کنٹرول مانیٹرنگ کی گئی، جبکہ فیلڈ انسپکشنز کے دوران 158 خلاف ورزیوں پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
حکام کے مطابق گرانفروشی اور پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 85 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ سنگین خلاف ورزیوں پر دو روز میں 19 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 15 دکانیں سیل بھی کی گئیں۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی پر روزانہ کی بنیاد پر بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔
کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے واضح کیا کہ ہر دکان پر مقررہ ریٹ لسٹ کی موجودگی یقینی بنائی جائے اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔