ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بیبی بونس کے بعد والدین کے لیے نئی مراعات متعارف

 بیبی بونس کے بعد والدین کے لیے نئی مراعات متعارف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: ہانگ کانگ  کی حکومت نے کم ہوتی شرحِ پیدائش کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مالی مراعات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔ 2023 سے اب تک حکومت نوزائیدہ بچوں کے والدین کو مجموعی طور پر 18 کروڑ ہانگ کانگ ڈالر سے زائد کے ’ بیبی بونس‘ ادا کر چکی ہے، جبکہ اب بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی کے لیے ٹیکس میں رعایتیں بھی متعارف کرائی جا رہی ہیں۔

محنت و بہبود کے سیکریٹری کرس سن یوک ہان نے قانون ساز کونسل کو آگاہ کیا کہ 31 مئی 2026 تک حکومت 71 ہزار 866 نوزائیدہ بچوں کے والدین کو ایک مرتبہ دی جانے والی 20 ہزار ہانگ کانگ ڈالر کی مالی امداد فراہم کر چکی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں ہانگ کانگ کی شرحِ افزائشِ نسل 0.841 ریکارڈ کی گئی، جو آبادی کے طویل مدتی توازن کے حوالے سے تشویش کا باعث سمجھی جا رہی ہے۔

یہ منصوبہ اکتوبر 2023 میں چیف ایگزیکٹو جان لی کا چیو کی جانب سے متعارف کرائے گئے اقدامات کا حصہ تھا، جس کا مقصد خاندانوں کو زیادہ بچوں کی پیدائش کی ترغیب دینا اور آبادی میں کمی کے رجحان کو سست کرنا تھا۔

اگرچہ موجودہ بیبی بونس پروگرام رواں سال اکتوبر میں مکمل ہونے والا ہے، تاہم حکام اس منصوبے کے نتائج اور مؤثریت کا دوبارہ جائزہ لے رہے ہیں۔

حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ آئندہ مرحلے میں والدین کے لیے ٹیکس مراعات بھی شامل کی جائیں گی، جن کے تحت نومولود بچوں کے لیے اضافی چائلڈ الاؤنس کی مدت بڑھائی جائے گی جبکہ بنیادی اور اضافی چائلڈ الاؤنس کی مجموعی حد 1 لاکھ 40 ہزار ہانگ کانگ ڈالر تک لے جانے کی تجویز ہے۔