کلیم اختر: پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے سروسز ٹیکس کی ادائیگیوں میں بے ضابطگیوں، خردبرد اور نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ کارروائیوں کے دوران 8 معروف فاسٹ فوڈ چینز سمیت 12 فوڈ پوائنٹس اور 4 پراپرٹی ڈویلپرز کے خلاف اقدامات کیے گئے۔
پی آر اے کے مطابق لاہور میں 7 فاسٹ فوڈ چینز، 2 دیسی فوڈ چینز اور ایک کافی شاپ کے مالیاتی ریکارڈ کا جائزہ لینے پر مختلف بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بعض کاروباری اداروں کی جانب سے ٹیکس ریکارڈ اور گوشواروں میں تضادات پائے گئے ہیں، جن کی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں۔
چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے کہا ہے کہ سروسز ٹیکس کی مد میں عوام سے وصول کی جانے والی رقم حکومتی امانت ہے اور اس میں کسی قسم کی خردبرد یا جعلسازی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے ادا کردہ ٹیکسز کی سرکاری خزانے میں بروقت منتقلی یقینی بنائی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس گوشواروں میں غلط بیانی یا ڈیجیٹل ریکارڈ میں ہیرا پھیری کرنے والے عناصر پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے اور انہیں قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے گا۔
چیئرمین پی آر اے نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی ریسٹورنٹ، فوڈ پوائنٹ یا سروس فراہم کرنے والے ادارے کو بل کی ادائیگی کے بعد پی آر اے سسٹم سے منسلک باقاعدہ رسید کے حصول کو یقینی بنائیں تاکہ ٹیکس کی شفاف وصولی اور جمع کروانے کے عمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔
پی آر اے حکام کے مطابق صوبے بھر میں ٹیکس چوری اور مالی بے ضابطگیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ سرکاری محصولات میں اضافہ اور ٹیکس نظام میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔