ویب ڈیسک: ایران نے اسرائیل کے لیے جاسوسی اور صہیونی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کو حساس معلومات فراہم کرنے کی کوشش پر پھانسی دے دی۔
ایرانی میڈیا میزان کے مطابق مجید موسیبی نامی شخص کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے اور اس کی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کو حساس معلومات فراہم کرنے کی کوشش کے الزام میں سزائے موت دے دی گئی ہے۔
میزان کی رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ موسیبی کو کب گرفتار کیا گیا تھا، واضح رہے کہ ایران نے گزشتہ ہفتے بھی موساد کے لیے جاسوسی کرنے والے شخص کو پھانسی دے دی تھی۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق موساد کے ایجنٹ کو سزائے موت ایرانی سپریم کورٹ میں اپیل مسترد ہونے پردی گئی،سزائے موت پانے والے اسرائیلی ایجنٹ کی قومیت ظاہر نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز میں ایران کے ایٹمی سائنسدانوں، فوجی کمانڈرز اور میزائل تنصیبات پر حملوں کے بعد ملک کے مختلف حصوں سے درجنوں اسرائیلی ایجنٹوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایرانی پولیس نے گزشتہ ہفتے جنوبی تہران میں موساد کی ایک 3 منزلہ ورکشاپ کا بھی سراغ لگایا ہے جہاں سے 200 کلو بارود اور 23 ڈرونز سمیت دیگر آلات بھی برآمد کیے گئے تھے، اس کارروائی میں بھی موساد کے 2 ایجنٹوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔