”وہ لڑکی بے نظیر تھی ‘‘ریلیز کردیا گیا

 ”وہ لڑکی بے نظیر تھی ‘‘ریلیز کردیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

زین مدنی :معروف ماڈل اداکارہ سعیدہ امتیاز نےشہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے گانا ” وہ لڑکی بے نظیر تھی ‘‘ریلیز کردیا۔


معروف  ماڈل اداکارہ سعید ہ امتیاز نے گلوکاری کے میدان میں قدم رکھتے ہوئے اپنا پہلا گانا ریلیز کردیا ۔سعیدہ امتیاز نے گانا سابقہ وزیر اعظم پاکستان محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے بنایا، گانے کا ٹائٹل ” وہ لڑکی بے نظیر تھی “کے نام سے رکھا ہے ۔گانے کی شاعری زوہیب بٹ نے لکھی ہے اور کمپوزیشن ولی حامد علی خان نے ترتیب دی ہے۔ سعید ہ امتیاز کا کہنا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو ان کی رول ماڈل ہیں۔

یاد رہے گزشتہ روز دختر مشرق، عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید  کی67 ویں سالگرہ منائی گئی ، پیپلزپارٹی کی جانب سے تقریبات کا  اہتمام کیا گیا، محترمہ بینظیر بھٹو پہلی مرتبہ 1988 میں اور دوسری بار 1993 میں وزیر اعظم منتخب ہوئیں۔جمہوریت دشمن قوتوں نے27 دسمبر2007 کو بے نظیر بھٹو کو شہید کر دیا تھا۔

سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو 21 جون، 1953ء میں سندھ کے مشہور سیاسی بھٹو خاندان میں پیدا ہوئیں۔ 1988ء میں وہ تاریخ کی سب سے کم عمر اور اسلامی دنیا کے کسی ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب ہوئیں۔ تاہم 20 ماہ بعد ہی ان کی حکومت کو برطرف کردیا گیا۔ بے نظیر بھٹو نے پسماندہ طبقات  کے لئے جدوجہد کی اور اپنے والد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو آگے بڑھا کر عالمی دنیا میں عورت کو ایک منفرد مقام دیا۔

1993ء میں وہ دوسری مرتبہ برسراقتدار آئیں لیکن 1996ء میں ایک مرتبہ پھر ان کی حکومت ختم کر دی گئی۔ 1998ء میں انہوں نے پھر جلاوطنی اختیار کی اور 18 اکتوبر 2007ء کو وطن واپس پہنچی تو ان پر پہلا حملہ ہوا جس میں تو وہ بچ گئیں لیکن 200 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔ پھر 2 ماہ 9 دن بعد 27 دسمبر 2007ء راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ان پر دوسرا حملہ ہوا جس میں وہ شہید ہوگئیں۔ مگر اب تک ان کا قاتل پکڑا نہیں جا سکا۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer