سٹی 42: وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ کی زیر صدارت سی سی او آر آر کے 12ویں اجلاس میں ملک میں جاری ریگولیٹری اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں معاون خصوصی وزیراعظم ہارون اختر خان اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 558 اصلاحات میں سے صرف 76 پر عملدرآمد ہو سکا ہے، جبکہ 243 اصلاحات تاحال التوا کا شکار ہیں۔ اس پر وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے ریگولیٹری اصلاحات میں مزید تاخیر ہرگز قابل قبول نہیں۔
اجلاس میں متعلقہ اداروں کو سرمایہ کاروں کو درپیش رکاوٹیں فوری دور کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ ہارون اختر خان نے خبردار کیا کہ 30 روز میں پیش رفت نہ کرنے والے اداروں کو وزیراعظم کے سامنے جوابدہ ہونا ہوگا۔ اجلاس میں سی ڈی اے اور ایس ای سی پی میں اصلاحات پر سست روی کا بھی نوٹس لیا گیا اور تمام متعلقہ اداروں کو اصلاحاتی عمل تیز کرنے کی ہدایت دی گئی۔