عرفان ملک:فیکٹری ایریا پولیس نے چیک ڈس آنر کے مقدمے میں 21 سال سے روپوش اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم یونس جاوید گرفتاری سے بچنے کے لیے گزشتہ 21 سال سے مختلف اضلاع میں روپوش تھا۔ ملزم کو جدید طریقہ تفتیش اور کارروائی کے ذریعے حراست میں لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے پراپرٹی کے لین دین کے دوران شہری سے 1 کروڑ 85 لاکھ روپے ہتھیائے تھے، جس پر اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق شہری کی درخواست پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا، جس پر فیکٹری ایریا پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے اور اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔