جنید ریاض :سوشو اکنامک سروے پر تعینات سینکڑوں اساتذہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ اب انہیں ڈبل ڈیوٹی دینا ہوگی۔
اساتذہ پہلے سکولوں میں تدریسی فرائض انجام دیں گے اور اس کے بعد سروے ڈیوٹی پر بھی جانا ہوگا۔ اس فیصلے کے باعث متعدد سکولوں میں اساتذہ کی کمی پیدا ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور کے سکولوں میں اس وقت تقریباً 1500 اساتذہ سوشو اکنامک سروے پر تعینات ہیں، جس کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کا کہنا ہے کہ سالانہ امتحانات قریب ہونے کے باعث ڈیوٹیوں میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اساتذہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ڈبل ڈیوٹیاں دینا ممکن نہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے تاکہ تدریسی عمل اور اساتذہ دونوں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔