(فضہ عمران) عوام کو محفوظ ہاتھوں سے تیار کردہ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے باہمی اشتراک سے فوڈ ہینڈلرز اور خوانچہ فروشوں کی مفت بلڈ سکریننگ کا آج سے آغاز ہو رہا ہے جس کے تحت سڑک کنارے اشیاء خورونوش فروخت کرنے والوں کی مفت میڈیکل سکریننگ کی جائے۔
اس امر کو یقینی بنانے کے لیے کہ فوڈ ہینڈلرز کسی بھی قسم کی بیماری کا شکار نہ ہو اور ان کے ہاتھوں سے تیار کردہ خوراک کسی بھی قسم کے بیماری کے جراثیم سے پاک ہو، سڑک کنارے خوراک کا کاروبار کرنے والے تمام فوڈ ہینڈلرز کا فری بلڈ سکریننگ ٹیسٹ کیا جائے گا۔ بلڈ سکریننگ کے نتائج آنے کے بعد صرف صحت مند اور کسی بھی قسم کی بیماری سے محفوظ فوڈ ہینڈلرز کو خوراک کی تیاری اور فروخت کی اجازت ہو گی۔
اس حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے کہا خوراک فروخت کرنے والوں کی ایک بڑی اکثریت سڑک کنارے ریڑھی لگانے والوں اور ڈھابوں کی ہے جہاں سے لاکھوں کی تعداد میں عام آدمی روزانہ کھانا کھاتے ہیں۔ یہ لوگ روزانہ کی اجرت پر کام کرتے ہیں اور ان کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی لیبارٹری آکر ٹیسٹ کروانا اوراس کی معمولی فیس ادا کرنا بھی دشوار تھا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی سروے رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ مختلف علاقوں میں کیمپس لگا کر دیگر اداروں کے تعاون سے ان فوڈ ورکرز کے مفت بلڈ ٹیسٹ کیے جائیں تاکہ عوام تک پہنچنے والی خوراک مکمل طورپر محفوظ ہو۔