ویب ڈیسک: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالرو لیجنڈ وسیم اکرم نے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بنگلہ دیش کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد بھارتی کپتان روہت شرما کی تعریف کی، کہا کہ وہ 2008 سے روہت شرما کے مداح ہیں۔
تفصیلات کےمطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ 2008 میں روہت شرما نےجب پہلی بار بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا وہ تب ان کے فین ہوگئے تھے۔
اُن کے مطابق روہت شرما کی تکنیک، مزاج، اور قیادت کی مہارت شاندار ہے، اور یہی اسے ایک غیر معمولی کھلاڑی بناتی ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ روہت کی بیٹنگ میں ایک خاص اعتماد نظر آتا ہے، جو دباؤ میں بھی بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے، گزشتہ چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں روہت نے بنگلہ دیش کے خلاف جارحانہ اننگز کھیل کر بھارت کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
وہ دبئی کی اسپن کنڈیشنز میں بھی بڑی مہارت سے کھیل رہے ہیں، جو بھارت کے لیے بڑا فائدہ ہو سکتا ہے، وسیم اکرم نے روہت شرما کی کپتانی کی حکمت عملی اور ٹیم کے ساتھ ہم آہنگی کو بھی سراہا۔
وسیم اکرم نے پروگرام’’دی ڈریسنگ روم‘‘ میں روہت شرما کی شاندار کارکردگی پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ’’ پوری ٹیم سے نہیں ہو رہا ہوتا ہے، یہ اکیلا کر جاتا ہے‘‘روہت دباؤ میں کھیلنا جانتا ہے، اور جب ٹیم مشکل میں ہوتی ہے تو وہ اکیلا ہی میچ کا رخ موڑ دیتا ہے۔
پاکستان کے سابق کپتان نے 23 فروری کو بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑے مقابلے کے حوالے سے کوئی واضح پیشگوئی نہیں کی، لیکن ان کے مطابق روہت شرما پاکستان کے لیے ایک بڑا خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
کیا شاہین شاہ آفریدی اور پاکستان کی بولنگ لائن اپ روہت کو جلد آؤٹ کر سکے گی، یا روہت ایک اور میچ وننگ اننگز کھیلیں گے؟ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا۔