اویس علی: سولر انرجی کے بڑھتے ہوئے استعمال اور موسم گرما کی شدت میں کمی کے باعث فیصل آباد میں بجلی کی طلب میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جس کے باعث شہر میں لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔
فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے مطابق شہر میں بجلی کی ڈیمانڈ 2500 میگاواٹ سے کم ہو کر 2000 میگاواٹ پر آ گئی ہے جو کہ پچھلے چند ماہ کے مقابلے میں 500 میگاواٹ کی کمی ہے۔
فیسکو حکام کا کہنا ہے کہ اس کمی کی سب سے بڑی وجہ شہریوں اور صنعتی شعبے میں سولر سسٹمز کی تنصیب میں تیزی ہے۔ زیادہ سے زیادہ صارفین اب بجلی کی ضروریات کیلئے سولر توانائی کا رخ کر رہے ہیں جس سے نیشنل گرڈ پر دباؤ کم ہوا ہے۔
فیسکو حکام کے مطابق جیسے جیسے موسم میں بہتری آئے گی اور درجہ حرارت مزید نیچے جائے گا، ستمبر میں بجلی کی طلب میں مزید کمی متوقع ہے۔ اس کا براہ راست فائدہ صارفین کو کم یا نہ ہونے والی لوڈشیڈنگ کی صورت میں ملے گا۔
شہر کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ طویل عرصے بعد ایسا وقت آیا ہے جب بجلی کی ترسیل تقریباً بلا تعطل جاری ہے۔ پہلے دن میں کئی کئی گھنٹے بجلی نہیں ہوتی تھی، اب اکثر دن بغیر کسی لوڈشیڈنگ کے گزر جاتا ہے۔