ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

معروف کامیڈین اور اداکار ڈاکٹر جسوندر بھلّا چل بسے

معروف کامیڈین اور اداکار ڈاکٹر جسوندر بھلّا چل بسے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:  پنجابی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری  کے معروف کامیڈین، اداکار اور پروفیسر ڈاکٹر جسوندر بھلّا  65 برس کی عمر میں موہالی کے فورٹس ہسپتال میں انتقال کر گئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر جسوندر بھلّا کی آخری رسومات کل بالونگی کریمیشن گراؤنڈ، موہالی میں ادا کی جائیں گی۔ ڈاکٹر بھلّا کے انتقال کی خبر  پرشوبز، سیاست اور عام عوام کی جانب سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ان کے ساتھی فنکاروں نے انہیں ایک نرم دل رہنما قرار دیا جنہوں نے نئے فنکاروں کے لیے دروازے کھولے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر جسوندر بھلّا  کئی دہائیوں پر محیط اپنے شاندار کیریئر اور منفرد اندازِ مزاح کے باعث دنیا بھر میں پنجابی ناظرین کے دلوں پر راج کرتے رہے۔بھلّا صاحب نہ صرف ایک کامیاب فنکار بلکہ ایک ممتاز تعلیمی شخصیت بھی تھے۔ ضلع لدھیانہ میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر بھلّا نے زرعی سائنس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور پنجاب ایگریکلچرل یونیورسٹی میں ایکسٹینشن ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دیں۔تعلیم و تدریس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کامیڈی کے میدان کو بھی کبھی خیرباد نہیں کہا اور دونوں میدانوں میں اپنی الگ پہچان بنائی۔

ان کی فنی زندگی کا آغاز 1980 کی دہائی کے آخر میں مقبول ترین آڈیو سیریز "چھنکاتا" سے ہوا۔ ان کے کردار چاچا چتر سنگھ اور بھتیج نے پنجابی گھروں میں ایک منفرد مقام حاصل کیا۔بعد ازاں انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور "ڈُلّہ بھٹی" سے ڈیبیو کیا۔ اس کے بعد وہ "محول ٹھیک اے"، "جٹ اینڈ جولیئٹ"، "میَل کرا دے ربّا"، "بینڈ باجے" اور خصوصاً "کیری آن جٹّا" جیسی فلموں سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے۔

ان کے مشہور ترین کرداروں میں ایڈووکیٹ ڈھلوں (Carry On Jatta) نمایاں رہا جس میں انہوں نے نہ صرف قہقہے بکھیرے بلکہ معاشرتی مسائل پر باریک تبصرہ بھی کیا۔