دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں بند کرنے، فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینے کی تجویز

دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں بند کرنے، فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینے کی تجویز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (عمران یونس) وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت وزراء کمیٹی کا دوسرااجلاس، سموگ پر قابوپانے کیلئے کمیٹی کے مجوزہ اقدامات میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ 

اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمی تغیرات ملک امین اسلم اور صوبائی وزیر برائے توانائی کی بذریعہ ویڈیو لنک جبکہ صوبائی وزیر برائے ماحولیات محمد رضوان، ایڈیشنل آئی جی پنجاب اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

 وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کوویڈ 19 جیسے بڑے چیلنج کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے میں سموگ پر قابو پانا ضروری ہے، محکمہ صنعت بھٹوں کی جدید ٹیکنالوجی پر منتقلی کو یقینی بنائے۔

 وزیر خزانہ نے متعلقہ اداروں کوہدایات جاری کیں کہ محکمہ ماحولیات سموگ کی پیمائش اور کنٹرول کیلئے مشینری کی تنصیب بارے اقدامات سے آگاہ کرے، ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی بندش اور ماحول دوست فٹنس سرٹیفکیٹ کے حصول کو لازمی قرار دے۔

وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ محکمہ ماحولیات سموگ پر کنٹرول کیلئے کمیٹی کے مجوزہ ایکشن پلان پر متعلقہ محکموں سے عملدرآمد کرائے جبکہ آئند ہ اجلاس میں تمام محکمے عملی اقدامات سے متعلق کارکردگی کی رپورٹ پیش کریں۔

دوسری جانب محکمہ ایکسائز نے دیگرصوبوں کےنمبرزوالی گاڑیاں پنجاب میں دوبارہ رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ڈی جی ایکسائز چوہدری مسعودالحق کا کہنا ہے کہ ایک سال کاٹوکن ٹیکس پنجاب میں ادا کرنیوالے مالکان اگر یہاں سے نمبر لگوانا چاہیں گے تو اپنے کاغذات اور رجسٹریشن بک جمع کروائیں گے، معمولی فیس پرنیا نمبراور رجسٹریشن کارڈ جاری کیا جائے گا، محکمہ ایکسائز این او سی حاصل کرنے کیلئے خود متعلقہ صوبے کو مراسلہ بھجوائے گا تاکہ این او سی جاری ہونے کے بعد گاڑی کو پنجاب کا نمبر الاٹ کیا جائے۔ 

Sughra Afzal

Content Writer