مال روڈ (علی اکبر)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہاکہ محرم الحرام ہمیں سید الشہداء امام حسین کی راہ حق میں لازوال قربانی کی یاد دلاتا ہے- امام حسین کی قربانی اور اس ماہ کا تقدس مسلمانوں میں اتحاداور یکجہتی کا متقاضی ہے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت90 شاہراہ قائد اعظم پر اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ احتیاط کے پیش نظر محرم الحرام کے دوران بھی کورونا ایس او پیز کو مد نظر رکھاجائے گا۔علماء کرام کی تمام ترقابل عمل سفارشات اور تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنایاجائے گا۔
؎ محرم الحرام کے لئے فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔حکومت پنجاب مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ اور سکیورٹی کے ادارے مربوط مواصلاتی نظام کے ذریعے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں گے۔سینئر پولیس اور انتظامی افسر تمام جلوسوں کی خود مانیٹرنگ کریں گے۔
اسلحہ،لاؤڈ سپیکر، وال چاکنگ اور فرقہ وارانہ مواد کی نشرواشاعت پر پابندی کے قانون پر موثر انداز میں عملدرآمد کرایا جائے گا۔حالات غیرمعمولی اقدامات کے متقاضی ہیں ۔سب نے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔اجلاس میں علماء کرام نے تحریک انصاف کی حکومت کے 2سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی اور کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے کمال بصیرت کے ساتھ 2سال مکمل کئے ۔
اتحاد بین المسلمین کمیٹی نے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان کوخراج تحسین پیش کیا۔تحریک انصاف کی حکومت نے اسرائیل کو تسلیم نہ کر کے مسلمانوں کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی۔اجلاس میں سوشل میڈیا پرنفرت انگیز مواد کی تشہیر کرنے والوں کے خلاف موثرقانون سازی کا مطالبہ کیاگیا۔
صوبائی وزیرقانون راجہ محمد بشارت نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کسی کو بھی امن وامان خرا ب کرنے کی سازش کی اجازت نہیں دیں گے-صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پیر سید سعید الحسن شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نہ صرف برقرار رکھیں گے بلکہ اسے زیادہ بہتر بنائیں گے۔
علماء کرام نے اجلاس میں صوبائی ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ واریت کے قلع قمع کیلئے تجاویز اور سفارشات پیش کیں -متحدہ علماء بورڈ، قرآن بورڈکے سربراہان سمیت تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام او رمشائخ نے بھرپور شرکت کی۔