قذافی بٹ: آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کے لئے ابتدائی تجاویز ایوان وزیر اعلی کو پیش، پنجاب میں 4 کھرب 75 ارب جبکہ لاہور کے لیے 60 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج مختص کرنے کی تجاویز ڈرافٹ میں شامل ہیں۔
نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں جاری ہیں۔محکمہ پی اینڈ ڈی بورڈ نے پنجاب کے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کا پہلا مجوزہ ڈرافٹ ایوان وزیر اعلی کو ارسال کردیا ہے ۔جس میں نئے مالی سال میں 2کھرب 65 ارب روپے جاری ترقیاتی سکیموں کیلئے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ ایک کھرب 26 ارب روپے سے پنجاب میں نئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
محکمہ پی اینڈ ڈی بورڈ حکام کے مطابق نئے مالی سال کے بجٹ میں کورونا کے تدارک اور ویکسین کی خریداری کے لیے بھی فنڈ رکھے جائیں گے ،جبکہ لاہور کے تین سو سے زائد منصوبوں کے لیے 60 ارب روپے سے زائد کا بجٹ مختص کرنے کی تجاویز دی گئی ہیں۔بجٹ میں صاف پانی ،روڈ سیکٹر سمیت اربن ڈویلپمنٹ کے بجٹ میں اضافی فنڈ مختص کرنے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔